ابنا: ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کل ایران کے صوبۂ ہرمزگان میں واقع جزیرۂ قشم میں ایک عوامی اجتماع میں تقریر کے دوران اس بات کو بیان کرتے ہوۓ کہ ملت ایران نے کبھی بھی کسی کا ظلم برداشت نہیں کیا ہے کہا کہ منہ زوروں اور سامراجیوں کو ملت ایران کی جانب سے جو تشویش لاحق ہے اس کی وجہ بم ، میزائیل اور جنگ نہیں ہے بلکہ وہ ملت ایران کے ایمان ، اس کی شجاعت اور ثابت قدمی کی وجہ سے تشویش میں مبتلاء ہیں۔
احمدی نژاد نے سامراجیوں کو مخاطب کرتے ہوۓ کہا کہ تم لوگ یہ بات اچھی طرح جان لو کہ ملت ایران اپنے حقوق سے ذرہ برابر پسپائی اختیار نہیں کرے گی کیونکہ وہ تاریخ ساز تہذیب و تمدن کی مالک ہے اور تم کو ملت ایران سے متعلق اپنے طرز عمل میں اصلاح کرنا ہوگی۔ صدر مملکت نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ملت ایران کے دشمنوں کو جان لینا چاہۓ کہ ایران کو بری نظر سے دیکھنے والوں کو ملت ایران نے ہمیشہ ناقابل فراموش سبق سکھایا ہے۔
دریں اثناء شام کے امور میں اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ نمائندے کوفی عنان نے بھی قشم میں صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اس بات کو بیان کرتے ہوۓ کہ یورپ اور امریکہ کے دباؤ اور نیٹو کے اسلحے سے مسائل و مشکلات کا خاتمہ نہیں ہوگا کہا کہ خطے کے مسائل کا بنیادی حل عدل و انصاف کی برقراری ، عوام کے احترام اور ان کے داخلی امور میں مداخلت نہ کۓ جانے میں مضمر ہے۔ محمود احمدی نژاد نے مزید کہا کہ شام کا بحران ہر طرح کے دباؤ اور اغیار کی مداخلت کے بغیر حل کیا جانا چاہۓ اور اس ملک میں ہر طرح کے تشدد کا خاتمہ ہونا چاہۓ۔ .......
/169